اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈیلی میل نے غیر مشروط معافی مانگی، ڈیلی میل نے مجھ سے نہیں پاکستانی عوام سے معافی مانگی، میں نے ڈیلی میل کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کیا تھا، پہلے لیگل نوٹس بھجوایا، تین سال تک اخبار لیت و لعل سے کام لیتا رہا، کئی بار اس نے مقدمہ کی سماعت میں التواء کی درخواست کی اور کوویڈ کا بار بار بہانہ بنایا، جو امداد بھی فراہم کی گئی تھی وہ زچہ و بچہ کے علاج اور پرائمری تعلیم کیلئے خرچ کی گئی، اخبار نے معافی نامہ باقاعدہ شائع کیا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ 2008ء سے 2018ء کے دوران 600 ملین پاؤنڈ کی رقم پاکستان اور پنجاب کیلئے فراہم کی گئی، ہمارے دور میں ملنے والی امداد کو شفاف طریقہ سے خرچ کیا گیا، عمران نیازی اور اس کے حواریوں نے الزامات لگانے کے سوا کچھ نہیں کیا، عمران نیازی اور اس کے حواری الزامات ثابت نہ کر سکے، عمران خان نے گالم گلوچ کی سیاست کو فروغ دیا، عمران نیازی نے پاکستان کی جگ ہنسائی کرانے کے سوا کچھ نہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی صورت دیوالیہ نہیں ہو گا، اسحاق ڈار کی صدر سے ملاقات میری اجازت سے ہوئی، ملک کی معاشی بحالی، بقاء اور سلامتی کیلئے سو قدم آگے جانے کیلئے تیار ہیں، عمران نیازی اور اس کے حواریوں نے الزامات لگانے اور ملک کی جگ ہنسائی کرانے کے سوا کچھ نہیں کیا، تحفے میں ملنے والی خانہ کعبہ کے ماڈل والی گھڑی بیچ کر ملک کی عزت کو نیلام کیا،
ہمارے خاندان کے خلاف مذموم مہم چلائی گئی، ہمارے دور میں ملنے والی امداد کو شفاف طریقہ سے استعمال کیا گیا، برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے کلین چٹ دے دی ہے، ڈیلی میل کے معاملہ پر اللہ تعالیٰ نے ہمیں سرخرو کیا ہے، جنرل (ر) قمر باجوہ عمران خان کے محسن ہیں لیکن عمران نیازی محسن کش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فائدہ پہنچائے، پاک افغان کشیدگی پر غور کیلئے فوری اجلاس طلب کر لیا ہے، نواز شریف جلد وطن واپس آئیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور وزیراعظم کے معاونین خصوصی عطاء تارڑ اور فہد حسین بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ گذشتہ حکومت نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف، مجھے اور ہمارے خاندان کو بدنام کرنے کی گھٹیا کوشش کی، ہمارے خاندان پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے اور مذموم مہم چلائی گئی۔
پانامہ سے اقامہ تک تمام معاملات عوام کے سامنے ہیں، اصل کیس پانامہ کا تھا لیکن سزا اقامہ میں دی گئی، پانامہ میں تو میاں نواز شریف کا نام ہی نہیں تھا، اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج شوکت عزیز صدیقی کا بیان سب کے سامنے ہے، سچ سامنے آ کر رہتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی نے ہمیں کلین چٹ دی ہے، عمران نیازی اور اس کے حواریوں نے اسے ہزاروں کاغذات دیئے، دو سال تحقیقات ہوتی رہیں، اللہ تعالیٰ نے میری عزت رکھی ہے، ڈیلی میل کے ڈیوڈ روز کو پاکستان کی سیر کرائی گئی، ڈیلی میل کے معاملہ پر اللہ تعالیٰ نے ہمیں سرخرو کیا،
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے ملکی معیشت کو تباہ کیا، دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو خراب کیا، بیرونی امداد روکنے کیلئے جھوٹی خبریں پھیلائیں، عمران نیازی کی بدعنوانیوں کے حوالہ سے فنانشل ٹائمز نے بتایا، عمران نیازی اگر سچا ہے تو فنانشل ٹائمز کے خلاف کیس کرے۔
مزید پڑھیں:ملکی معیشت کو اس وقت سنگین چیلنجزکاسامنا ہے، چوہدری شجاعت
انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کے دور میں مریم نواز کو گرفتار کیا گیا، عمران نیازی اور اس کے حواریوں کو شرم تک نہ آئی، اسلام آباد ہائی کورٹ نے مریم نواز کو کلین چٹ دی ہے جبکہ عمران نیازی نے آصف علی زرداری کی بہن فریال تالپور کو عید کی رات گرفتار کرایا، دوسری طرف اپنی بہن کو ایمنسٹی سکیم کے ذریعے این آر او دلوا دیا جس کی دبئی اور امریکہ میں جائیدادیں پکڑی گئیں۔