کراچی میں ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز میں کورونا ویکسینیشن سینٹر قائم کردیا گیا جہاں پولیس اہلکاروں کو کورونا ویکسین لگانے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کی ہدایت پر ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرزمیں پولیس کا ویکسینیشن سینٹر بنا دیا گیا جبکہ 3 دیگر مقامات پر بھی پولیس اہلکاروں کو ویکسین لگائی جارہی ہے۔
ڈی آئی جی ایسٹ اور ویسٹ آفسز اور پولیس ہسپتال گارڈن کے بعد ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز میں بھی پولیس اہلکاروں کیلئے ویکسین لگانے کا مرکز بن گیا جہاں ویکسینیشن شروع کردی گئی۔
ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز میں ڈی ایس پی راؤ اسلم نے ویکسین کی پہلی خوراک لگوائی۔ ویکسینیشن مراکز کے قیام کا مقصد جان کی پروا نہ کرنے والے پولیس اہلکاروں کی زندگی کی حفاظت ہے۔
ویکسینیشن مرکز میں پولیس اہلکاروں کو صبح 9 سے شام 4 بجے تک ویکسین لگائی جاتی ہے۔ ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد نے مرکز کادورہ کیا۔
انہوں نے ویکسینیشن سینٹر میں انتظامات کا جائزہ لیا اور ویکسینیشن کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ڈی آئی جی مقصود احمد نے کہا کہ پولیس اہلکار فرنٹ لائن پر جانوں کو خطرے میں ڈال کر وائرس کے خلاف جنگ میں مؤثر کردار ادا کررہے ہیں جن کی حفاظت وقت کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دھوکہ دہی کے ذریعے عوام سے رقم ہتھیانے والا ملزم ساتھی سمیت گرفتار