ملک بھر میں کورونا ویکسین لگانے کا عمل آج سے شروع ہورہا ہے جس کیلئے ویکسین کی ترسیل مکمل کردی گئی، 84 ہزار خوراکیں کراچی پہنچ گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ، خیبر پختونخوا، پنجاب اور بلوچستان سمیت ملک کے ہر خطے میں کورونا ویکسین کی خوراکیں پہنچا دی گئی ہیں۔ 84 ہزار خوراکیں کراچی پہنچ گئیں جبکہ پنجاب کے 189 ہسپتالوں میں کورونا ویکسین لگانے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے۔
کورونا ویکسینیشن کیلئے 3 لاکھ ہیلتھ ورکرز کی رجسٹریشن کر لی گئی۔ کورونا ویکسین سب سے پہلے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو لگائی جائے گی۔ وزیرِ اعظم نے ویکسینیشن کا باضابطہ افتتاح گزشتہ روز کیا تھا۔
ویکسین کی پہلی کھیپ تمام وفاقی اکائیوں کے پاس پہنچا دی گئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا کہنا ہے کہ ویکسین لگانے کا عمل آج سے شروع ہوگا۔ سندھ اور بلوچستان میں ویکسین جہاز کے ذریعے پہنچائی گئی۔
پشاور میں ای پی آئی کے وئیر ہاؤس میں 65 ہزار ویکسینز پہنچائی گئیں۔ وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ دنیا کے برعکس پاکستان میں کورونا کے کیسز کم ہو رہے ہیں، ایس او پیز پر عملدرآمد بہت ضروری ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں میں کورونا ویکسینیشن کا آغاز کیا اور ایک ہیلتھ ورکر کو ویکسین لگائی گئی۔
وزیر اعظم کی موجودگی میں اسلام آباد میں گزشتہ روز ہیلتھ ورکر کو ویکسین کا ٹیکا لگا کر ویکسی نیشن کا آغاز کیا گیا جسے سرکاری ٹیلی ویژن پر براہ راست دکھایا گیا۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان نے ملک میں کورونا ویکسینیشن کا آغاز کردیا