پاکستان میں کورونا پھیلنے پر حکومت، ڈبلیو ایچ او اور ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف ہرجانے کا دعویٰ

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

court notice to Donald Trump, WHO and government for corona outbreak in pakistan

اسلام آباد :وفاقی دارالحکومت کی سول عدالت کے جج سید حیدرعلی شاہ نے دنیا بھر اور پاکستان میں کورونا پھیلنے اور لوگوں کی زندگی اور روزگار کا نقصان ہونے اورمریضوں کی فی کس 4 کروڑ 90 لاکھ مالیت ہرجانے اور زرتلافی کی ادائیگی کے لئے دائر پٹیشنوں پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، عالمی ادارہ صحت ، حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 8 جولائی کو جواب طلب کرلیا۔

یہ پٹیشنز کورونا کے مریض نوراکبر اور کورونا سے وفات پانے والے عمرخطاب کی طرف سے عارف خان گگیانی، وجاہت علی، زمرک خان ایڈووکیٹ نے دائر کی ہیں۔

کورونا سے صحت یاب مریض نوراکبر نے ذاتی جبکہ شاہ سرور نے کورونا سے وفات پاجانے والے اپنے والد عمر خطاب کی طرف سے 4 کروڑ 90 لاکھ مالیت ہرجانے کی الگ الگ پٹیشنز دائر کیں۔

پٹیشنوں میں موقف اختیار کیاگیا کہ ہم غریب مزدور ہیں، وسائل نہیں، فریقین کی کوتاہی، غفلت اور مجرمانہ لاپرواہی سے ہماری زندگی اور صحت کانقصان ہوا ہے۔ فریقین نے کورونا کوروکنے کے لئے نہ صرف کوتاہی برتی بلکہ لوگوں کو اس موذی وائرس سے بچانے کے لئے بھی اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں۔

ہسپتالوں میں ہمیں علاج، خوراک اور مناسب دیکھ بھال فراہم نہیں کی گئی۔ کورونا وائرس کا ٹیسٹ بھی ذاتی جیب سے کرایا، لیبارٹریاں، ہسپتال اور ڈاکٹرز غریب عوام کو لوٹ رہے ہیں۔

پٹیشنرز میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ کورونا پھیلنے سے ہم مزدوری سے محروم ہوگئے، ہم اپنے گھرانوں کے واحد کفیل ہیں، کورونا کی وجہ سے ہمیں کوئی روزگاردینے کو بھی تیار نہیں۔ کئی ماہ سے بے روزگار ہیں، کوئی حکومتی مدد نہیں ملی، نہ ہی کوئی مزدور اور روٹی روزی کا بندوبست ہے۔

درخواست گزاروں کے مطابق ان کی زندگی محال ہوچکی ہے، ذہنی اذیت کا شکار ہیں، گھر بار اور بچوں کے لئے رزق روزی سے محتاج ہوکر رہ گئے ہیں۔

انہوں نے موقف اپنایا کہ عالمی ادارہ صحت دنیا میں صحت اور انسانی زندگی کے حوالے سے مرکزی ادارہ ہے، اس نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی۔ عالمی ادارے کے طورپر ’ڈبلیو ایچ او‘ کی ذمہ داری تھی کہ اس وباءسے انسانوں کو بچانے کے لئے فوری اقدامات کرتا۔

پٹیشنرز کا موقف ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کورونا کے پھیلاؤاور اس کے نتیجے میں جانی ومالی نقصانات کا ذمہ دار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی ہے۔

امریکی صدر نے پوری دنیا میں ایک ترقی یافتہ ملک کے طورپر اپنی ذمہ داری نبھانے میں مجرمانہ کوتاہی برتی ہے۔ امریکی صدر نے دنیا کو کورونا سے بچانے کے بجائے عالمی ادارہ صحت پر تنقید شروع کردی۔

درخواست گزاروں نے استدعا کی کہ عدالت ہمیں انصاف دلائے، فریقین سے زرتلافی، ہرجانے کی رقم دلائی جائے۔ ہمیں حالات کے رحم وکرم پر نہ چھوڑا جائے، ایک پاکستانی شہری کے طورپر کوئی ہماری مدد کو تیار نہیں۔

دونوں درخواست گزاروں نے استدعا کی کہ فریقین مقدمہ سے انہیں فی کس چار کروڑ90 لاکھ زرتلافی وہرجانہ کی رقم دلائی جائے۔

بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عارف خان گگیانی، وجاہت علی، زمرک خان ایڈووکیٹس نے کہاکہ عدلیہ کے سوا متاثرین کے پاس دادرسی کا کوئی فورم نہیں کیونکہ یہ عوام کی زندگی موت اور روزگار کا مسئلہ ہے۔

مزید پڑھیں:سعودی عرب میں بیرونِ ملک گئے ہوئے اقامہ رکھنے والوں کی واپسی پر پابندی عائد

سول جج کے جاری کردہ حکم نامے میں دعوی دائر کرنے والوں کو ہدایت کی گئی کہ آئندہ سماعت تک عدالتی فیس جمع کرادیں۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی جانب سے ہرجانے اور زرتلافی کی ادائیگی سے متعلق یہ پہلا اور منفرد مقدمہ ہے جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اسلام آباد میں امریکی سفارت خانہ اور عالمی ادارہ صحت کو پاکستان میں ان کے نمائندے کے ذریعے فریق بنایاگیا ہے۔

Related Posts