عدالت نے قائدِ حزبِ اختلاف پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع کرتے ہوئے انہیں 28 نومبر کو دوبارہ پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
احتساب عدالت لاہور میں آج آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گزشتہ جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو پیش کیا گیا۔
قومی احتساب بیورو (نیب) حکام کی طرف سے وکیل اور وکیل صفائی نے معزز جج جواد الحسن کے روبرو مقدمے کی سماعت کے دوران دلائل دئیے۔
عدالت نے نیب حکام سے دریافت کیا کہ مقدمے کا ریفرنس کب تک فائل کریں گے؟ وکیل نے کہا کہ ریفرنس تیار کر رہے ہیں جو آخری مراحل میں ہے۔
بعد ازاں احتساب عدالت لاہور نے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 28 نومبر تک توسیع کرتے ہوئے ہدایت کی کہ نیب حکام ریفرنس کی رپورٹ جلد جمع کرائیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل نیب نے رمضان شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کر دیا، دوران سماعت تلخی کا ماحول بھی پیدا ہوا ۔
احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چوہدری نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت کی۔دوران سماعت عدالت نے حمزہ شہباز کو کٹہرے میں طلب کیا اور کارکنوں کی حمزہ شہباز کے ساتھ سیلفیوں پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں: نیب نے شہباز شریف ،حمزہ شہباز کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کر دیا