راولپنڈی: کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے جنوبی وزیرستان کے ضلع سراروغہ کا دورہ اور قبائلی عمائدین سے ملاقات اور تشکر کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا اور قبائلی عمائدین سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران دہشت گردی کے خلاف جنگ اور سکیورٹی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔
نااہلی افسوسناک، مخالفین کو پھانسنے کے جال عمران خان نے بنے۔سعد رفیق
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے آج جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور دہشت گردوں کے نیٹ ورکس اور ڈھانچے کو تباہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جنوبی وزیرستان کے ضلع سراروغہ کے دورے کے موقعے پر کور کمانڈر پشاور نے مقامی قبائلیوں کی قربانیوں کو سراہا اور محسود جرگہ کے قبائلی عمائدین سے بات چیت بھی کی جبکہ عمائدین نے پاک فوج کو غیر متزلزل حمایت کا یقین دلایا۔
کور کمانڈر پشاور کا ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاک فوج علاقے میں سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ قبائلی عمائدین نے علاقے میں امن کی بحالی پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔
خیال رہے کہ آج سے 7 روز قبل لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات جنوبی وزیرستان پہنچے۔ اس موقعے پر قبائلی عمائدین نے پاک فوج کی علاقے کی سماجی و معاشی ترقی کیلئے اقدامات اور قربانیوں کی تعریف کی اور کہا کہ ہم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ ہیں۔