وفاقی کابینہ نے پاکستان ایئر فورس کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدتِ ملازمت پوری ہونے کے بعد ان کی خدمات کو جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
وفاقی کابینہ نے یہ فیصلہ ان کی قومی دفاع میں شاندار خدمات، خصوصاً آپریشن بنیان مرصوص میں دشمن کو شکست فاش دینے میں اہم کردار کے اعتراف کے طور پر کیا گیا ہے۔
کابینہ اجلاس کی صدارت وزیراعظم نے کی جس میں قومی سلامتی، عسکری تعاون اور خطے کی صورت حال کے پیش نظر ایئر چیف مارشل کی خدمات کو توسیع دینے کی منظوری دی گئی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق آپریشن بنیان مرصوص نے دشمن کی جارحیت کو بھرپور جواب دیا، اور پاک فضائیہ نے پیشہ ورانہ مہارت اور حکمتِ عملی سے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
وزیراعظم نے ایئر چیف مارشل کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی میں فضائیہ نے ملکی خودمختاری کا بھرپور دفاع کیا۔ توسیع کی مدت اور دیگر تفصیلات وزارت دفاع جلد جاری کرے گی۔
خیال رہےکہ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو فور اسٹار ائیر فورس افسر اور پاکستان کے 16ویں چیف آف ائیر اسٹاف ہیں، انہوں نے 19 مارچ 2021 کو اپنے پیشرو ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان سے فضائیہ کی کمان سنبھالی تھی۔