اسلام آباد:وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ عوام اور اوورسیز پاکستانیوں کو اہم قانون سازی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، انہوں نے کہا کہ متعلقہ بل کی منظوری سے 90 لاکھ اوور سیز پاکستانیوں کوووٹنگ کا حق مل گیا ہے۔
وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پوری کوشش کی ہے کہ انتخابی اصلاحات پر اپوزیشن سے اتفاق رائے ہوجائے،بدقسمتی سے اپوزیشن کا رویہ منفی رہا۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف اینڈ کمپنی نے کرکٹ بھی اپنے امپائروں کے بغیر نہیں کھیلی، مارشل لاء کی گود میں پرورش پانے والوں کی سیاست ہمیشہ دوسروں کے کندھوں پر رہی ہے۔
آج ایک بار پھر ثابت ہوگیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی بڑی سیاسی جماعت ہے، تحریک عدم اعتماد لانے کی کوشش کرنے والوں کی آج آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں قیادت کاانحطاط ہے، تمام سیاسی بونے ہیں، عورتوں اور بچوں کیلئے خصوصی عدالتیں قائم ہوں گی، صبح ہی بتا دیا تھا کہ بلاول اور شہباز شریف شکست خوردہ لوگ ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ آزادانہ و منصفانہ انتخابات کی جو بنیاد رکھی تھی آج اسکی تکمیل ہوگئی ہے، اتحادی اورحکومت کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔
مزید پڑھیں: حکومت الیکٹرانک ووٹنگ مشین سمیت متعدد بل منظور کروانے میں کامیاب