کراچی: وزیرِ اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے ن لیگی رہنما کیپٹن صفدر کی گرفتاری پر پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنماؤں پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہرِ قائد میں وزیرِ اطلاعات ناصر حسین شاہ، مشیرِ قانون مرتضیٰ وہاب، وزیرِ تعلیم سعید غنی اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم پی ڈی ایم کے شکر گزار ہیں کہ وہ 18 اکتوبر کے جلسے میں آئے اور شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسے کی تعریف کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ عظیم الشان جلسہ ہوا۔ پاکستان کے عوام کا شکر گزار ہوں کہ قائدین کو سنا اور نااہل وفاقی حکومت کے سامنے احتجاج بھی کیا۔ تحریکِ انصاف کے گھبرائے اور بوکھلائے ہوئے لوگ پروپیگنڈے میں مصروف رہے۔
جلسے کو کراچی کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع قرار دیتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سندھ ن کہا کہ نااہلوں کو پیغام دیا گیا کہ آپ حکومت چھوڑ دیں۔ ان کی گھبراہٹ اور کڑواہٹ سمجھ سے بالاتر تھی۔ وہ ڈرے ہوئے تھے جبکہ میڈیا نے جلسے کی بہترین کوریج کی۔ اچھی بات یہ تھی کہ مریم نواز نے مزارِ قائد پر حاضری دی۔
کیپٹن صفدر کی گرفتاری کے حوالے سے وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ جو ہوا، اچھا نہیں ہوا۔ یہ پہلی بار نہیں تھا جبکہ مزار کے تقدس کے قوانین موجود ہیں۔ پی ٹی آئی نے کئی بار مزارِ قائد کی بے حرمتی کی۔ ہم نے پولیس کو سب کی درخواست لینے کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد، عدالت نے شہباز شریف کو جیل بھیج دیا