آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے نواحی علاقے بلگران اور وادی نیلم میں شدید بارش اور کلاؤڈ برسٹ نے تباہی مچادی، جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق ہو گئے۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق جاں بحق افراد کی نمازِ جنازہ آج ادا کی جائے گی۔
کلاؤڈ برسٹ کے باعث متعدد علاقوں میں سڑکیں بند ہو گئیں جبکہ متعدد خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ متاثرہ افراد کو امدادی سامان فراہم کیا جا رہا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مظفرآباد سے نیلم ویلی جانے والی مرکزی شاہراہ کو بحال کر دیا گیا ہے، تاہم سڑک کی خستہ حالی کے پیش نظر مسافروں کو احتیاط سے سفر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کلاؤڈ برسٹ کیا ہوتا ہے؟
کلاؤڈ برسٹ ایک غیر معمولی موسمی مظہر ہے، جس میں کسی ایک محدود علاقے پر انتہائی تیز بارش مختصر وقت میں برستی ہے۔ اس دوران بارش کی شدت 100 ملی میٹر فی گھنٹہ سے تجاوز کر جاتی ہے، جو کہ فلیش فلڈز اور زمین کھسکنے جیسے خطرناک حالات پیدا کر سکتی ہے۔ یہ مظہر عام طور پر پہاڑی علاقوں میں دیکھنے میں آتا ہے۔