کراچی میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی سٹی وارڈنز کی جانیں لینے لگی۔معاشی بدحالی سے پریشان سٹی وارڈن یوسف ممتاز کو بھی برین ہیمرج ہوگیا جس سے یوسف ممتاز جاں بحق ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سٹی وارڈن یوسف ممتاز تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث شدید معاشی مشکلات اور ذہنی اذیت کا شکار تھا اور گھر میں فاقوں سے دلبرداشتہ ہونے کے بعد یوسف ممتاز کو برین ہیمرج ہوگیا۔
گزشتہ 1 ہفتے میں سنگین معاشی بدحالی کے باعث وفات کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ قبل ازیں رواں ہفتے ایک اور سٹی وارڈن کا بھی انتقال ہوا تھا۔ گزشتہ ڈھائی ماہ سے سٹی وارڈنز کو تنخواہوں سے محروم رکھا جارہا ہے۔
سٹی وارڈنز کو دسمبر 2020ء کی تنخواہ تاحال ادا نہیں کی گئی۔ یہ وہ سٹی وارڈنز ہیں جو شہر میں ٹریفک کنٹرول کرتے نظر آتے ہیں۔ خاص طور پر رمضان المبارک میں سٹی وارڈنز کا کام بڑھ جاتا ہے۔
درجنوں سٹی وارڈنز نامعلوم ملزمان کی فائرنگ کا نشانہ بھی بن چکے ہیں۔ کے ایم سی سٹی وارڈنز کو شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے کہیں بھی تعینات کردیتی ہے تاہم انہیں تنخواہ اور سہولیات میسر نہیں۔
حد یہ ہے کہ سٹی وارڈنز جس مقام پر ڈیوٹی پر بھیجے جاتے ہیں، وہاں بھی اپنے دفتر سے اپنی ہی سواری کے ذریعے پہنچتے ہیں جبکہ بغیر تنخواہ کے موٹر سائیکل کے پٹرول کے اخراجات ادھار لے کر ہی پورے ہوسکتے ہیں۔
آج کل سٹی وارڈنز تنخواہیں نہ ملنے کے باعث شدید ذہنی دباؤ میں مبتلا ہیں جو مختلف صدموں کے باعث زندگی جیسی نعمت سے محروم ہو رہے ہیں۔ سٹی وارڈنز نے حکامِ بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ تنخواہوں اور سہولیات کی ادائیگی جلد سے جلد ممکن بنائی جائے اور اب تک تنخواہیں نہ دینے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی بھی کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس 88، ملیر کے عوام نے نثار کھوڑو کو کھری کھری سنا دیں