کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا، جبکہ بارش کے بعد مختلف علاقوں کی بجلی منقطع ہوگئی، تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر، گلشن اقبال، حسن اسکوائر، نیپا سمیت مختلف علاقوں میں بارش کے باعث سڑکوں پر پھسلن ہوگئی جس کے بعد متعدد موٹر سائیکل سوار زخمی ہوگئے۔
جبکہ دوسری جانب لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش اور تیز ہواؤں سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں کہیں کہیں مزید بادل برسنے کا امکان ہے۔ سری نگر میں درجہ حرارت 17 جبکہ جموں میں 26 ڈگری رہا۔
لاہور میں بھی بادل برسے۔ تیز ہواؤں نے پارہ مزید گرا دیا۔ میرپور آزاد کشمیر میں بھی آسمان سے جم کر پانی برسا۔ وزیر آباد، شرقپور شریف اور بارکھان میں موسلا دھار بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ، کشمیر، گلگت بلتستان، بلوچستان اور اسلام آباد میں آندھی اور مزید بارش کی پیشگوئی ہے۔