کراچی: سندھ حکومت نے بڑے جوش وخروش سے عوام کیلئے سستا آٹا اسکیم کا اعلان کیا تھا، حکومت نے سستے آٹے کے سلسلے میں میڈیا میں اشتہارت بھی دئیے۔
محکمہ خوراک سندھ نے فلور ملز مالکان کو سستی گندم کی فراہمی بھی شروع کردی ہے، جبکہ ملز میں گندم سرکاری قیمت کے مطابق دی جارہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سرکاری اور اوپن مارکیٹ میں گندم کی 100 کلوکی بوری کی قیمت میں 2 ہزارروپے کا فرق ہے۔
بند فلورملز کو فائدہ پہنچانے کے لئے سرکاری نرخ پر سستی گندم تو فراہم کی جارہی ہے لیکن بند فلورملز نے سستی گندم سے آٹا بنانے کی بجائے سبسڈی پر ملنے والی گندم کا پوراکوٹہ ہی آپریشنل فلور ملز کو فروخت کردیا ہے۔
ایسے میں عوام کے لیے سرکاری قیمت پر سستے آٹے کا حصول مشکلسے مشکل تر دکھائی دے رہا ہے۔
واضح رہے کہ محکمہ خوراک سندھ نے ایک ارب روپے سے زیادہ کی زرتلافی دے کر عوام کو سستا آٹا فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی۔
اس منصوبے کے مطابق عوام اب 65 روپے فی کلو آٹا خرید سکیں گے لیکن اب بھی دکانوں پر چکی کا آٹا 120 روپے کلو میں فروخت کیا جارہا ہے۔