سابق وزیر قانون چوہدری وصی ظفر 72 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

سابق وزیر قانون چوہدری وصی ظفر 72 برس کی عمر میں انتقال کر گئے
سابق وزیر قانون چوہدری وصی ظفر 72 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

فیصل آباد: سابق وزیرِ قانون اور مسلم لیگ (ق) کے سینئر رہنما چوہدری وصی ظفر 72 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیرِ قانون چوہدری وصی ظفر کا انتقال صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں ہوا۔ سابق وزیرِ قانون کے بیٹے نے والد کے انتقال کی تصدیق کردی۔

سابق وفاقی وزیرِ قانون چوہدری وصی ظفر کا تعلق فیصل آباد کے علاقے جڑانوالہ سے تھا، جو سابق صدر اور سابق آرمی چیف جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور میں وفاقی وزیر رہے۔

ق لیگ کے سینئر رہنما چوہدری وصی ظفر 12 جنوری 1949 کے روز پنجاب کے شہر ملتان میں پیدا ہوئے جنہیں ان کی بے باک بیان بازی پر شہرت حاصل ہوئی۔

سابق چیف جٹس افتخار محمد چوہدری کے خلاف ریفرنس انہی کے عہد میں دائر کیا گیا تھا جس کے متعلق وصی ظفر کا کہنا تھا کہ ریفرنس پر میرے دستخط موجود نہیں۔

قبل ازیں سابق وزیر اعظم شوکت عزیز نے الزام لگایا تھا کہ سابق چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس وزارتِ قانون کی طرف سے سمری کی روشنی میں دائر کیا گیا، تاہم وصی ظفر نے الزام مسترد کردیا۔

انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ مذکورہ ریفرنس وزارتِ قانون کے کسی افسر کے ذریعے تیار کیا گیا، جبکہ کوئی بھی ایسی سمری جس پر وزیر قانون کے دستخط نہ ہوں، غیر قانونی ہوتی ہے۔ 

قبل ازیں سینئر سیاستدان ، سابق گورنر ، سابق وزیراعلیٰ سندھ ممتاز بھٹو 88 برس کی عمر میں انتقال کرگئے ، جن کی میت شام 6 بجے لاڑکانہ روانہ کردی گئی۔

سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے کزن ممتاز بھٹو کا انتقال گزشتہ ماہ کراچی میں ہوا جس کی تصدیق ان کے ترجمان ابراہیم ابڑو نے کی۔

مزید پڑھیں: سابق وزیراعلیٰ سندھ ممتاز بھٹو 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

Related Posts