اسلام آباد: سابق وفاقی وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان نے مشروط طور پر سابق وزیرِ اعظم اور ن لیگ کے تاحیات قائد میاں نواز شریف کو صاحبزادی مریم نواز کی نااہلی ختم کرانے کی پیشکش کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔ معتبر ذرائع کے مطابق چوہدری نثار علی خان نے نواز شریف کے انتہائی قریبی ساتھی کے ساتھ رابطہ کیا اور نواز شریف کو ایک اہم پیغام پینچایا ہے۔
معتبر ذرائع کے مطابق پیغام میں چوہدری نثار نے نواز شریف کے ساتھ تعلقات بحال کرنے کا کہا اور ساتھ ہی نواز شریف کو اہم پیشکش بھی کی۔چوہدری نثار نے نواز شریف کو پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ پی ڈی ایم سے تھوڑا سا ہاتھ کھینچ لیں تو اس کے بدلے میں ان کی صاحبزادری مریم نواز کی نااہلی ختم ہو سکتی ہے۔
باوثوق ذرائع کے مطابق چوہدری نثار کی پیشکش نواز شریف کو پہنچائی جا چکی ہے مگر نواز شریف نے تاحال اس کا کوئی حتمی جواب نہیں دیا اور پیغام رساں پر واضح کیا ہے کہ وہ اس پر غور کے بعد جواب دیں گے۔ چوہدری نثار علی خان کی جانب سے نواز شریف کو یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر پنجاب میں کوئی بڑی تبدیلی آتی ہے تو وہ چوہدری نثار کی حمایت کریں۔
ایم ایم نیوز چوہدری نثار علی خان کو پنجاب میں بڑا عہدہ دلوانے کے حوالے سے پہلے ہی اپنے قارئین کو آگاہ کر چکا ہے۔ذرائع کے مطابق پنجاب میں بڑی تبدیلی کی صورت میں چوہدری پرویز الہی، نواز شریف کیلئے قابل قبول نہیں ہیں۔ چوہدری نثار نے پنجاب میں اہم عہدے کیلئے جوڑ توڑ شروع کردی اور اہم شخصیات سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق چوہدری نثار صوبہ پنجاب میں وزیرِ اعلیٰ کے عہدے کیلئے راہ ہموار کر رہے ہیں۔ ابھی تک چوہدری نثار نے پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف نہیں اٹھایا اور صوبے میں کسی بڑے عہدے کے انتظار میں تھے۔ اگر ن لیگ کے قائد نے چوہدری نثار کی پیشکش قبول کر لی تو پنجاب اسمبلی میں چوہدری نثار کو ن لیگ کی حمایت حاصل ہوجائے گی۔
پیپلز پارٹی بھی چوہدری نثار کی حمایت کرے گی جبکہ دوسری جانب مریم نواز جو نااہلی کی وجہ سے انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتیں، آئندہ الیکشن میں حصہ لے کر رکنِ اسمبلی بننے کے بعد ملکی سیاست میں کسی بھی بڑے عہدے پر فائز ہوسکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج کا کوئی ثانی نہیں۔فردوس عاشق اعوان