اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو زمان پارک سے گرفتار کرلیا گیا۔
اسلام آباد کی عدالت نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو تین سال قید کی سزا سنادی جس کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
توشہ خانہ کیس میں سزا سنائے جانے کے بعد پولیس کی نفری لاہور میں عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک پہنچی۔
توشہ خانہ فوجداری کیس، عدالت نے عمران خان کو3سال قید کی سزا سنا دی
ذرائع زمان پارک کا کہنا ہے کہ عمران خان کو گرفتار کرکے پولیس لے گئی ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف کی گرفتاری کے حوالے سے پولیس نے اب تک تصدیق نہیں کی ہے۔
دوسری طرف چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔
اسلام آباد سیشن عدالت کی جانب سے توشہ خانہ فوجداری کیس میں عمران خان کو 3 سال قید کی سزا سنائی گئی، جس کے بعد وفاقی پولیس کی جانب سے اسلام آباد میں سیکورٹی سخت کردی گئی۔
ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے مختلف ناکوں پر اضافی نفری تعینات کردی گئی۔
ایف سی اور رینجرز اہلکاروں نے مرکزی شاہراہوں میں گشت شروع کردیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے شہر میں سرگرم سیاسی کارکنان کی فہرستیں مرتب کی گئی ہیں، ممکنہ احتجاج کی صورت میں کارکنان کے خلاف کریک ڈاؤن کا امکان ہے۔