اسلام آباد: قومی احتساب بیورو کے چیئر مین جناب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ہیڈ کوارٹرز میں ایک اجلاس منعقد ہواجس میں نیب کی سال 2019 کی مجموعی طور پر سالانہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈی جی آپریشنز ظاہر شاہ نے بتایا کہ نیب کوسال 2019 میں مجموعی طور پر51591 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 46123 شکایات کو قانون کے مطابق نمٹا دیا گیاجبکہ اس وقت 13299 شکایات پر کاروائی کی جارہی ہے۔
نیب نے سال 2019 میں 1464 شکایات پر جانچ پڑتال کی منظوری دی جن میں سے 1362شکایات کی جانچ پڑتال کو قانون کے مطابق مکمل کیا گیا جبکہ اس وقت 770 شکایات کی جانچ پڑتال پر قانون کے مطابق تحقیقات جاری ہیں۔
نیب نے سال 2019 میں 574 انکوائریوں کی منظوری دی جبکہ658 انکوائریوں کومکمل کیا گیا۔ اس وقت 859 انکوائریوں پر قانون کے مطابق تحقیقات جارہی ہیں۔ اسی طرح نیب نے سال 2019 میں221 انوسٹی گیشنزکی منظوری دی جن میں سے 217 انوسٹیگیشنز پرقانون کے مطابق کاروائی مکمل کی گئی۔
اس وقت 335 انوسٹی گیشنزپر قانون کے مطابق تحقیقات جاری ہیں ۔ نیب نے سال 2019 میں 206 ریفرنسز معزز احتساب عدالتوں میں دائر کئے۔ جن میں سے 161 ریفرنسز پر فیصلہ ہوا۔
نیب نے سال 2019 میں بدعنوان عناصر سے بلواسطہ اور بلا واسطہ طو ر پر 150 ارب روپے برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کرائے جو کہ ایک ریکارڈ کامیابی ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ چیئر مین نیب جناب جسٹس جاوید اقبال کی قیادت میں نیب نے بدعنوان عناصرسے گزشتہ 27 ماہ میں 178 ارب روپے برآمد کرکے تقریباََ 600 بدعنوانی کے ریفرنسز معزز احتساب عدالتوں میں دائر کئے۔
اس وقت ملک کی 25 معزز احتساب عدالتوں میں نیب کے 1262 بدعنوانی کے ریفرنس زیرسماعت ہیں جن کی کل مالیت تقریباََ 943 ارب روپے ہے۔
اس کے علاوہ نیب نے 179 میگا کرپشن مقدمات میں سے 101 بدعنوانی کے ریفرنس معزز احتسا ب عدالتوں میں دائر کئے ہیں جبکہ 46 ریفرنسز کو قانون کے مطابق نمٹا دیا گیا ہے۔ اس وقت 179 میگا کرپشن مقدمات میں سے 13 انکوائریوں اور 19 انوسٹی گیشزتکمیل کے مراحل میں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملکی معیشت کو استحکام ملا۔ سینیٹر فیصل جاوید