حقیقی ماہی گیروں کو ترقی کیلئے راستے کی ہر رکاوٹ کو ٹھوکر مارنا ہو گی،عبدالبر

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Chairman Fishermen's Cooperative Society Abdul Bar is addressing the function

کراچی : چیئرمین فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی عبدالبر نے کہا ہے کہ مچھیروں کے جال میں گندی مچھلی آجائے تو وہ اسے جال سے نکال پھینکتے ہیں،لیاری کھڈہ کے ماہی گیروں کو بھی اپنے علاقے سے استحصالی گندی مچھلیوں کو ڈھونڈ ڈھونڈ کر دیس نکالا دینا ہو گا، حقیقی ماہی گیروں کو ترقی کے لیے راستے کی ہر رکاوٹ کو ٹھوکر مارنا ہو گی۔

وہ لیاری کی قدیم ماہی گیر بستی کھڈہ میں فشر مین ڈورائی جماعت کے ماہی گیروں اور سندھ ٹیک اسکل ڈویلپمنٹ سینٹر میں ماہی گیروں کے بچوں کی تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کررہے تھے۔چیئرمین عبدالبر نے کہا کہ جعلی ووٹوں کے ذریعے عرصہ دراز سے فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی پر قابض رہنے والا ٹولہ ہی ماہی گیروں کے استحصال کا ذمہ دار ہے۔

وہ فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی سے ماہی گیروں کے نام پر کروڑوں کے ویلفیئر فنڈ ڈکار گئے ہیں۔جب ماہی گیروں کا حق ان کو نہیں ملے گا،اور ان کا حق ان کے جعلی ووٹوں کی بنیاد پر عہدوں پر قابض رہنے والے نام نہاد لیڈروں کی جیب میں چلا جائے گا۔تو حقیقی ماہی گیروں کی حالت کیسے بدلے گی۔

چیئرمین عبدالبر نے کہا کہ میں نے پرانی ممبر شپ کی اسکروٹنی کروائی تو معلوم ہوا کہ جو ماہی گیروں کی نمائندگی کرنے کے لیے فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی کے عہدوں پر براجمان رہے وہ خود ماہی گیر ہی نہیں تھے،یہ جعل ساز آج تک حقیقی ماہی گیروں کی حالت بدلنے میں سب سے بڑی رکاوٹ تھے۔چیئرمین عبدالبر نے کہا کہ ہم نے عرصہ دراز سے بند ممبر شپ کھول کر جعل سازوں کا راستہ روک دیا ہے۔

ممبر شپ کی تکمیل کے بعد ہونے والے انتخابات میں پہلی بارصرف ماہی گیروں کا حقیقی نمائندہ ہی منتخب ہوسکے گا۔ماہی گیروں کو ہمیشہ کے لیے جعلی لیڈروں سے چھٹکارہ مل جائے گا۔چیئرمین عبدالبر نے سندھ ٹیک اسکل ڈویلپمنٹ سینٹرکی تقریب میں بچوں میں اسناد تقسیم کیں اور سلائی مشینیں اور کمپیوٹرز کی فراہمی کا اعلان کیا۔

اس موقع پر سندھ ٹیک اسکل ڈویلپمنٹ سینٹرکے چیئرمین عبداللطیف ڈورائی نے چیئرمین عبدالبر کا تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

چیئرمین عبدالبر نے کھڈہ لیاری کی قدیم ڈورائی فشر مین جماعت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ماہی گیروں کو اپنے چیئرمین تک رسائی میں بہت مشکلات کا سامنا تھااور ان ماہی گیروں کو روکنے والا کون تھا۔

انہوں نے کہا کہ ان ماہی گیروں کے ووٹوں کے ذریعے عہدوں پر براجمان ان کے نام نہاد لیڈر تھے،جو نہیں چاہتے تھے کہ ان کے علاقے کے رہنے والے ماہی گیروں کی رسائی چیئرمین تک ہو،کیونکہ اگر وہ چیئرمین تک پہنچ گئے تو چیئرمین کے علم میں آجائے گا کہ ان کے کیے جاری کیا جانے والا ویلفیئر فنڈ تو ان تک پہنچ ہی نہیں رہا،ان کی چوری پکڑی نہ جائے،اس ڈر سے وہ ماہی گیروں کے راستے کی آہنی دیوار بنے ہوئے تھے مگر اب ماہی گیروں کا چیئرمین عبدالبرماہی گیروں کے درمیان موجود ہے۔

مزید پڑھیں:چیئرمین فشریزعبدالبر کی کاوشیں، بھارت نے 20 پاکستانی ماہی گیروں کو رہا کردیا

اب کوئی بھی جعلساز عبدالبر اور ماہی گیروں کے درمیان رکاوٹ نہیں بن پائے گا۔چیئرمین عبدالبر نے فشر مین ڈورائی جماعت کے عہدے دار صالح محمد ڈورائی کو اڑھائی لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔ان تقریبات سے ڈائریکٹرز آصف بھٹی،حاجی عبدالروف ابراہیم،محمود ہاشم،حاجی الانہ،حاجی یعقوب جوکھوئی،عرفان دیوا،آغا ناصر،حاجی سلیمان ماڑی والا،عثمان غنی،ولی محمدسمیت دیگر نے خطاب کیا۔

Related Posts