اسلام آباد: نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے فلسطینی صدر محمود عباس سے ٹیلیفونک رابطے کے دوران غزہ کی صورتحال پر گفتگو کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے فلسطین کے صدر محمود عباس کو فون کیا اور حماس اسرائیل جنگ کے علاوہ غزہ اور مغربی کنارے میں مظلوم فلسطینیوں کی حالتِ زار پر تبادلۂ خیال کیا۔
فورسز کی لکی مروت میں کارروائی، 4دہشت گرد ہلاک، آئی ایس پی آر
ٹیلیفونک گفتگو کے دوران نگران وزیر اعظم نے اسرائیلی فوج کی غزہ پر بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو قتل و غارت روکنے کیلئے اسرائیل پر دباؤ ڈالنا ہوگا۔ ہمارا اقوامِ متحدہ سے بھی بحران کے حل کا مطالبہ ہے۔
نگران وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان فلسطینی تنازعے کا منصفانہ دو ریاستی حل چاہتا ہے۔ دونوں رہنماؤں کی جانب سے فلسطینیوں کو امداد کی فراہمی کیلئے غزہ کی ناکہ بندی ہٹانے پر زور دیا گیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان فلسطینیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔صدر محمود عباس نے مظلوم فلسطینیوں کی حمایت پر نگران وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔
قبل ازیں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے دورۂ چین کا 31 نکاتی مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس کے مطابق دورے کے دوران بی آر آئی میں تعاون، صحت، مائننگ، انفراسٹرکچر اور صنعتی معاہدوں سمیت 20 معاہدے کیے گئے ہیں۔