کینیڈا نے غیر ملکی طلبہ کو خوشخبری سناتے ہوئے ماسٹر ڈگری مکمل کرنے والوں کو ورک پرمٹ جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق امیگریشن اور سٹیزن شپ کینیڈا کے ادارے (آئی آر سی سی) نے ہفتے کے روز یہ اعلان کیا کہ 15فروری 2024 سے غیر ملکی طلبہ جو ماسٹر ڈگری پروگرامز مکمل کرچکے ہوں، وہ ایک خصوصی ورک پرمٹ حاصل کرسکیں گے۔
آئی آر سی سی کا ایکس (ٹوئٹر) پر شیئر کیے گئے اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ خصوصی ورک پرمٹ کو پوسٹ گریجویشن ورک پرمٹ (پی جی ڈبلیو پی) کا نام دیا گیا ہے جو 3سال کیلئے جاری کیا جائے گا جبکہ یہ پروگرام طلبہ کی معاونت کیلئے تشکیل دیا گیا۔
گریجویشن کے بعد طلبہ کینیڈا میں ایک مخصوص وقت تک کیلئے رہ کر کام کرسکیں گے۔ کام کی مدت کو 3 سال تک کی توسیع اس لیے دی گئی کیونکہ آئی آر سی سی کا ماننا ہے کہ غیر ملکی طلبہ جو ماسٹر کرچکے ہوں، کینیڈین جاب مارکیٹ میں کامیاب رہیں گے۔
اس طرح ایسے غیر ملکی طلبہ کے تابناک مستقبل کی راہیں ہموار ہوسکیں گی جو کینیڈا میں مستقل قانونی رہائشی شہری (پرماننٹ ریزیڈنٹ) بننے کے خواہش مند ہوں جبکہ یہ سہولت 2 سال سے کم پر محیط ماسٹرز پروگرام کے تحت بھی حاصل کی جاسکتی ہے۔