کیوبن نژاد امریکی گلوکارہ و اداکارہ کیملا کبیلو کی نئی فلم سنڈریلا آئندہ ماہ ایمازون پرائم پر نشر کی جائے گی جس کا ٹریلر یو ٹیوب پر ریلیز کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسٹریمنگ پلیٹ فارم ایمازون پرائم ویڈیو پر کیملا کبیلو کی نئی فلم سنڈریلا آئندہ ماہ 3 ستمبر کے روز نشر کی جائے گی جس کے ٹریلر نے یو ٹیوب پر مداحوں کے دل جیت لیے۔
گزشتہ روز یو ٹیوب پر جاری کردہ نئی فلم سنڈریلا کے ٹریلر کو 3 لاکھ سے زائد سوشل میڈیا صارفین نے دیکھا جن میں سے 16 ہزار سے زائد نے 2 منٹ 50سیکنڈ کے ٹریلر کو پسندیدگی کی سند بھی عطا کردی۔
سنڈریلا کی کہانی متعدد زاویوں سے شائقینِ فلم و ٹی وی کے سامنے پیش کی جاچکی ہے جس پر کارٹون سیریز بچوں میں بے حد مقبول رہی، تاہم نئی فلم کے ٹریلر میں رومانوی سین، رقص اور جذباتی مناظر سمیت سب کچھ موجود ہے۔
کہانی کا مرکزی کردار ادا کرنے والی لڑکی سنڈریلا گیت گاتی اور خوابوں کی دنیا میں رہتی ہے جو تمام لڑکیوں کے دلوں کی دھڑکن یعنی شہزادے کی دلہن بننا چاہتی ہے۔ تاہم، کپڑوں کا اپنا کاروبار کرنے کی بھی خواہش مند ہے۔
سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ سنڈریلا کاروبار اور محبت میں سے کس کا انتخاب کرے گی اور زندگی کے کس میدان میں زیادہ کامیاب ثابت ہوگی؟ جس کا جواب یو ٹیوب پر موجود ٹریلر کی بجائے ستمبر کے آغاز میں ریلیز ہونے والی فلم میں نظر آئے گا۔
قبل ازیں گلوکارہ کے روپ میں مداحوں کا دل لبھانے والی کیملا کبیلو کیلئے سنڈریلا وہ پہلا کردار ہے جو ہر لحاظ سے مکمل نظر آئے گا جبکہ فلم میں کیملا کے علاوہ دیگر فنکار بھی اداکاری کے جلوے بکھیرتے نظر آئیں گے۔
کیملا کبیلو کے علاوہ فلم میں بلی پورٹر، انڈینا مینزل، پیئرس براسنین، منی ڈرائیور، مسی ایلیوٹ، جان ملانی، جیمز جارڈن اور رومش رنگینتھن سمیت دیگر فنکار بھی مختلف کرداروں میں جلوہ گر ہوں گے۔ سنڈریلا 3 ستمبر کو ریلیز ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: معروف گلوکار مرحوم مہدی حسن کے صاحبزادے آصف مہدی انتقال کرگئے