اسلام آباد :8 فروری کے عام انتخابات میں کامیابی کے بعد قومی اسمبلی میں منتقل ہونے والے سینیٹرز کی خالی کردہ نشستوں پر آج 6 ارکان سینیٹ کا انتخاب کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق قومی اسمبلی کے ساتھ ساتھ سندھ اور بلوچستان اسمبلیوں میں بھی پولنگ ہوگی۔ پولنگ صبح 8 بجے شروع ہو کر شام 4 بجے تک جاری رہے گی۔
اسلام آباد کے ریٹرننگ آفیسر ظفر اقبال پہلے ہی امیدواروں کے ناموں پر مشتمل فارم 54 جاری کر چکے ہیں۔
ای سی پی پہلے ہی سندھ اور بلوچستان کی صوبائی اسمبلیوں کو بیلٹ پیپرز اور دیگر پولنگ میٹریل بھجوا چکا ہے۔ اسلام آباد میں ایک مخصوص نشست اور سندھ میں دو جنرل نشستوں کے علاوہ بلوچستان کی نمائندگی کے لیے تین جنرل نشستوں پر پولنگ ہوگی۔
اپنی نشستیں خالی کرنے والوں میں سید یوسف رضا گیلانی اور مولانا عبدالغفور حیدری بھی شامل ہیں جو حالیہ عام انتخابات میں اپنی کامیابی کے بعد قومی اسمبلی میں شامل ہوئے ہیں۔
اسی طرح نثار احمد کھوڑو اور جام مہتاب حسین ڈہر سندھ اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے جب کہ شہزادہ احمد عمر احمد زئی اور سرفراز احمد بگٹی بلوچستان اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔
بلوچستان کی تین نشستوں پر سات امیدوار مدمقابل ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو پیپلزپارٹی کے امیدوار ہیں جبکہ میر دوستین ڈومکی مسلم لیگ ن کے امیدوار ہیں۔ جمعیت علمائے اسلام نے عبدالشکور کو جبکہ بی اے پی نے کاہدا بابر اور مبین خلجی کو ٹکٹ جاری کیا ہے۔
سید محمود شاہ اور میر ہیر بیار آزاد حیثیت سے سینیٹ الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت کی مخصوص نشست کے لیے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی اور پاکستان تحریک انصاف کے چوہدری الیاس مہربان مدمقابل ہیں۔