آئی سی سی کے تحت دورہ پاکستان کے آخری مرحلے میں کراچی میں موجود چیمپینز ٹرافی 2025 کی نمائش کا سلسلہ تیسرے دن بھی جاری رہا اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار سمیت دیگر مقامات پر نمائش کی گئی۔
کراچی میں مزار قائد پر ٹرافی کی نمائش کے موقع پر فوٹو سیشن ہوا اور اس کے بعد ٹرافی کو کلفٹن کی نجی تعلیمی درس گاہ منتقل کیا گیا جہاں چمپینز ٹرافی 2017 کی فاتح پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد بھی موجود تھے اور ٹرافی کے ساتھ ان کا خصوصی فوٹو سیشن ہوا۔
ٹرافی کوبلدیہ عظمیٰ کراچی کے صدر دفتربھی لایا گیا، میئرکراچی مرتضی وہاب اور صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے ٹرافی کا استقبال کیا، اس موقع پر کے ایم سی کے اعلٰی حکام بھی موجود تھے۔
بعد ازاں ٹرافی کو نیشنل بینک اسٹیڈیم لایا گیا جہاں سندھ کے وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر بھی پہنچے اور ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں، اسٹیڈیم پہنچنے پر جنرل مینیجر ارشد خان نے ان کا استقبال کیا، صوبائی وزیر کے ہمراہ سیکریٹری کھیل عبدالعلیم لاشاری بھی تھے۔
واضح رہے کہ کلفٹن میں1927 میں ہندو تاجر شیو رام موہٹہ کے تعمیر کردہ محل میں ٹرافی کی نمائش بوجوہ موخر کردی گئی تھی، تا ہم اجازت ملنے پر ٹرافی کو موہٹہ پیلس لایا گیا۔
موہٹہ پیلس وہی مقام ہے جہاں قیام پاکستان کے بعد ملک کے بانی قائد اعظم کی بہن فاطمہ جناح رہائش پذیر رہیں اور اسی مناسبت سے اس مقام کو قصر فاطمہ کا نام بھی دیا گیا۔
ٹرافی کی ساحلی تفریحی مقام پورٹ گراؤنڈ پر بھی عوامی نمائش کی گئی، ہفتے کو ٹرافی کے آرام کا دن ہوگا۔