سابق خاتون اول بشریٰ بی بی عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر اپنے شوہر پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے ملاقات کے لیے سخت سیکورٹی میں اڈیالہ جیل پہنچ گئیں۔
سیکورٹی اہلکاروں کے ہمراہ بشریٰ بی بی کو بنی گالہ میں ان کی رہائش گاہ سے اڈیالہ جیل لے جایا گیاجہاں عمران خان اس وقت قید ہیں۔ بشریٰ بی بی کی آمد کے لیے ہموار گزرگاہ کو یقینی بنانے کے لیے جیل کی طرف جانے والی سڑک کو ایک طرف سے بند کر دیا گیا تھا۔
اس حوالے سے عدالتی احکامات کے بعد بشریٰ بی بی کو عید کے موقع پر عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی گئی تھی۔
ادھر اڈیالہ جیل کے باہر پی ٹی آئی کے کارکن عمران خان کی حمایت میں احتجاج کے لیے جمع ہوئے اور اپنے قائد سے اظہار یکجہتی کے لیے نعرے لگائے۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت پی ٹی آئی شمالی پنجاب کی صدر سیمابیہ طاہر نے کی۔
سیمابیہ طاہر کی جیل کے مین گیٹ تک پہنچنے کی کوشش پولیس نے ناکام بنا دی، اڈیالہ جیل کی طرف جانے والا راستہ بند کر دیا گیا تھا۔