اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اڈیالہ جیل میں بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
قومی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ درخواست پیر کے روز دائر کی گئی۔درخواست میں وفاقی حکومت، وزارت داخلہ کے سیکریٹری، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور چیف کمشنر اسلام آباد کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی نے اگست 2018 سے اپریل 2022 تک بحیثیت خاتونِ اول وزیرِ اعظم ہاؤس میں قیام کیا اور ان کا معیارِ زندگی دیگر قیدیوں سے مختلف اور بلند تر رہا۔ اسی تناظر میں وہ قانون کے تحت بہتر جیل سہولیات کی حقدار ہیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ بشریٰ بی بی نے جیل حکام سے متعدد بار بہتر سہولیات فراہم کرنے کی درخواست کی اور سپرنٹنڈنٹ جیل سے اس بارے میں فیصلہ کرنے کی بھی استدعا کی مگر ان کی درخواستوں کو مسلسل نظر انداز کیا گیا۔ اس کے برعکس ان کے شوہر عمران خان کو اسی جیل میں بہتر سہولیات میسر ہیں۔
بشریٰ بی بی نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ تمام فریقین کو قانون کے مطابق اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کا حکم دیا جائے، اور 1978 کے جیل قوانین کے تحت انہیں بھی مناسب سہولیات فراہم کی جائیں۔
یاد رہے کہ بشریٰ بی بی اس وقت 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں سزا کے بعد اڈیالہ جیل میں سات سال قید کی سزا کاٹ رہی ہیں۔