کراچی سے کوئٹہ جانے والی بس پل سے ٹکرا گئی ہے جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 16 زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سے کوئٹہ جانے والی بس کو یہ افسوسناک حادثہ بلوچستان کے علاقے مستونگ کے قریب پیش آیا۔ مسافر بس کے پل سے ٹکرا جانے کے باعث 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔
لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جنہیں طبی امداد مہیا کرنے کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل کراچی کے علاقے کورنگی میں ہائی ایس وین کا ڈمپر سے تصادم ہوا جس کے نتیجے میں وین کے نالے میں جا گرنے کے باعث 4 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
یہ افسوسناک واقعہ گزشتہ ماہ 30 اگست کے روز کورنگی کے علاقے چمڑا چورنگی کے قریب پیش آیا جہاں مسافر وین حادثے کے نتیجے میں نالے میں جاگری۔ عینی شاہدین کے مطابق وین کا ڈمپر سے تصادم ہوا۔
مزید پڑھیں: ڈمپر اور ہائی ایس کا تصادم، وین نالے میں جاگری، 4افراد زخمی
قبل ازیں بلوچستان کے علاقے خضدار میں قومی شاہراہ پر تیزرفتار مسافر کوچ اور کار کے تصادم کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔
وڈھ کے قریب 26 جولائی کو پیش آنے والے واقعے میں قومی شاہراہ پر کوچ اور کار کی ٹکر ہوئی۔ حادثے کے نتیجے میں 5 افراد انتقال کر گئے۔
مزید پڑھیں: خضدار، قومی شاہراہ پر مسافر کوچ اور کار کا تصادم، 5 افراد جاں بحق