پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان برقرار ہے، جہاں کے ایس ای 100 انڈیکس نے جمعہ کے روز کاروبار کے دوران پہلی بار 99000 پوائنٹس کی حد عبور کی۔
دوپہر 2بج کر 50 منٹ تک کے ایس ای 100 انڈیکس 98920اعشاریہ 34 پوائنٹس پر تھا جو 1591اعشاریہ 95 پوائنٹس (1اعشاریہ 64 فیصد) کا اضافہ ظاہر کرتا ہے۔ اس سے قبل انڈیکس دن کے دوران ایک وقت میں 99623اعشاریہ 03 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بھی پہنچا۔
آٹو موبائل، کمرشل بینک، فرٹیلائزر، تیل و گیس کی دریافت، آئل مارکیٹنگ کمپنیز اور پاور جنریشن جیسے اہم شعبوں میں نمایاں خریداری دیکھنے میں آئی۔ بھاری وزن رکھنے والے اسٹاکس جیسے ایف ایف سی، ایف ایف بی کیو ایل، پی ایس او، پی پی ایل اور او جی ڈی سی مضبوطی سے سبز زون میں ٹریڈ کر رہے تھے۔
آئی ایم ایف کی نئی شرط پر پیٹرول 45 روپے فی لیٹر مہنگا ہونے کا امکان
مارکیٹ میں یہ تیزی مثبت معاشی اشاریوں، پالیسی ریٹس میں ممکنہ مزید کمی کی توقعات، اور ادارہ جاتی خریداری میں اضافے کی وجہ سے دیکھی جا رہی ہے۔
عارف حبیب لمیٹڈ کی ریسرچ ہیڈ ثناء توفیق کے مطابق:”لیکویڈیٹی فکسڈ انکم سے ایکویٹیز کی طرف منتقل ہو رہی ہے، جو اس ریلی کو تقویت دے رہی ہے۔”نومبر کے لیے مہنگائی کی شرح میں کمی کی پیش گوئیاں، جو 4.5 فیصد سے 5 فیصد کے درمیان متوقع ہے، شرح سود میں کمی کے امکانات کو بڑھا رہی ہیں۔
کے ایس ای100 انڈیکس کے 100000 پوائنٹس کی حد کے قریب پہنچنے کے ساتھ ہی پاکستان اسٹاک ایکسچینج دنیا کی دوسری بہترین کارکردگی دکھانے والی اسٹاک مارکیٹ بن گئی ہے۔