راولپنڈی میں انسدادِ ڈینگی پروگرام کی سرکاری ملازمہ کے اندوہناک قتل کا مقدمہ حل ہوگیا، پولیس نے مرحومہ کے بہنوئی کو قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ راولپنڈی کے تھانہ صادق آباد کی حدود میں پیش آیا جہاں پولیس کے مطابق مقتولہ کے قاتل بہنوئی کے ساتھ ناجائز تعلقات عرصۂ دراز سے قائم تھے۔
ملزم واجد محمود مقتولہ صوبیہ تبسم سے شادی کرنا چاہتا تھا جبکہ مقتولہ کسی اور شخص سے پسند کی شادی کرنے والی تھی جس پر ملزم نے طیش میں آ کر صوبیہ تبسم کو قتل کیا۔
مقتولہ کے بہنوئی واجد محمود نے چھریوں کے وار کرکے صوبیہ کوقتل کرنے کے بعد اس کی لاش کو چھپا دیا جو 3 روز بعد مقتولہ کے گھر سے برآمد ہوئی۔ پولیس نے مقتولہ کی بہن کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔
دورانِ تفتیش ملزم نے پولیس کو آگاہ کیا کہ اس نے اپنی سالی صوبیہ تبسم سے ناجائز تعلقات قائم کر رکھے تھے جس سے وہ شادی بھی کرنا چاہتا تھا لیکن صوبیہ کسی اور سے شادی کرنے والی تھی۔
سفاک قاتل واجد محمود مقتولہ کو قتل کرنے کے بعد گھر والوں کے ساتھ خود کو معصوم ثابت کرنے کیلئے صوبیہ کو ڈھونڈتا رہا، پولیس کو شک ہوا تو ملزم کو شاملِ تفتیش کیا گیا جس نے جلد سب کچھ اگل دیا۔
پولیس نے ملزم سے آلۂ قتل برآمد کرنے کے بعد اسے گرفتار کر لیا جبکہ ملزم کے خلاف مقدمہ اقدامِ قتل کی دفعہ 302 کے تحت درج کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پولیس نے فیکٹری مالکان سے سازباز کرکے قتل کا معاملہ دبادیا