انگلینڈ اور نیوزی لینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کے درمیان ایک روزہ کرکٹ میچز کی سیریز کا تیسرا میچ آج ہوگا جس سے قبل نیوزی لینڈ ٹیم کے ہوٹل کو بم سے اڑانے کی دھمکی موصول ہوئی، حکام نے دھمکیوں کو غیر مصدقہ قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈز نے پاکستان میں میچز سے سیکیورٹی کے نام پر انکار کردیا تاہم نیوزی لینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ میں ہوٹل بم سے اڑانے کی دھمکی ملی۔ اس کے باوجود کرکٹ بورڈز میچ شیڈول کے مطابق کرانے کیلئے تیار ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا کا کہنا ہے کہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ ویمنز کرکٹ ٹیمیں لیسٹر میں ایک روزہ میچ آج کھیلیں گی جس سے قبل نیوزی لینڈ ٹیم کی مینجمنٹ کے ایک رکن کو ای میل موصول ہوئی جس میں ٹیم کے ہوٹل اور جہاز کو بم سے اڑا دینے کی مبینہ دھمکی دی گئی۔
دھمکی کے باعث نیوزی لینڈ کرکٹ کی خواتین کھلاڑیوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ گزشتہ روز شیڈول کیا گیا تربیتی میچ منسوخ کردیا گیا تاہم دھمکیاں موصول ہونے کے باوجود آج ہونے والا ون ڈے میچ منسوخ نہیں کیا جائے گا جس پر سیکیورٹی خدشات جنم لینے لگے۔
اس حوالے سے نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے کہا کہ دھمکی آمیز ای میل میں نیوزی لینڈ ویمنز ٹیم کا ذکر نہیں تاہم بھرپور تحقیقات کے بعد دھمکی غیر مصدقہ نکلی۔ نیوزی لینڈ ویمن ٹیم لیسٹر پہنچ گئی ہے جہاں میچ کیلئے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ کے بعد انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی دورہ پاکستان منسوخ کردیا