شہرِ قائد میں سچل تھانے کی پولیس پر موبائل گشت کے دوران نامعلوم ملزمان مبینہ طور پر دستی بم حملہ کرنے کے بعد فرار ہوگئے جبکہ حملے کے نتیجے میں 3 اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں سچل تھانے کی پولیس موبائل پر گشت کے اوقات کے دوران نامعلوم مسلح ملزمان نے دستی بم سے حملہ کیا جو موٹر سائیکل پر سوار تھے اور چہروں پر ماسک پہن رکھے تھے۔
رانی پور، تشددسے 10 سالہ بچی جاں بحق، پیر اسد شاہ کا ریمانڈ منظور
حملے کے نتیجے میں 3 اہلکار شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز جائے وقوعہ پر پہنچے اور واقعے کی تفتیش شروع کردی۔ ملزمان کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن بھی کیا گیا۔ ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ ملزمان نے رم جھم اپارٹمنٹس کے قریب موبائل کو نشانہ بنایا۔
ایس ایس پی ایسٹ زبیر نظیر شیخ نے کہا کہ ملزمان نے دستی بم حملہ کیا یا کریکر دھماکہ، یہ یقین سے نہیں کہا جاسکتا۔ تاہم واقعے کی نوعیت کا تعین کرنے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔ واقعے کے نتیجے میں زخمی اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔