ہالی ووڈ کی پاپ گلوکارہ بلی ایلش کے گانوں کا نیا البم ہیپیئر دین ایور برطانوی چارٹس پر پہلے نمبر پرآگیا جبکہ 19 سالہ فنکارہ نے یہ کامیابی دوسری بار حاصل کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلی ایلش کے دوسرے اسٹوڈیو البم کی 39 ہزار نقول چارٹ سیلز کے تحت فروخت ہوئیں جس سے ان کا البم رواں ہفتے میں پہلے نمبر پر آگیا۔ بلی ایلش وہ پہلی عالمی گلوکارہ بن گئیں جن کے پہلے 2 البم پہلے نمبر پر آئے۔
قبل ازیں بلی ایلش کے دیگر البم بھی منظرِ عام پر آچکے ہیں جن میں بورن ٹو ڈائی اور پہلا البم الٹرا وائلنس شامل ہیں جنہیں عوام نے بے حد پسند کیا۔ نئے البم ہیپیئر دین ایور کی پسندیدگی پر بلی ایلش نے مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔
اپنے پیغام میں گلوکارہ بلی ایلش نے کہا کہ میں برطانیہ میں اپنے تمام تر مداحوں کی شکر گزار ہوں اور آپ لوگوں کی اس البم کیلئے پسندیدگی میرے لیے بہت اہمیت کی حامل ہے۔ میں جلد برطانیہ آؤں گی اور آپ سے ملاقات کروں گی۔
قبل ازیں امریکی گلوکارہ بلی ایلش نے اسرائیلی مداحوں میں خاص طور پر اپنے البم کی تشہیر کی جس پر مظلوم فلسطینی سوشل میڈیا صارفین نے ناراضی کا اظہار کیا۔
امریکی گلوکارہ بلی ایلش نے اپنے نیا البم ہیپیئر دین ایور (پہلے سے زیادہ خوش) کی اسرائیلی سامعین کیلئے تشہیر کی جبکہ حال ہی میں اسرائیل نے مظلوم فلسطینیوں کو ظلم و ستم کا نشانہ بنایا تھا۔
بیڈ گائے کی گلوکارہ کی طرف سے رواں ماہ کے آغاز میں اسرائیلی مداحوں کو خاص طور پر مخاطب کرنے پر مظلوم فلسطینیوں کے جذبات مجروح ہوئے۔ بلی ایلش نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں اسرائیلیوں کو مخاطب کرکے کہا کہ میرا نیا البم ریلیز ہوگیا ہے۔
مزید پڑھیں: بلی ایلش کی اسرائیلی مداحوں میں البم کی تشہیر، مظلوم فلسطینی ناراض