پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عورت مارچ کی حمایت میں کھل کر سامنے آ تے ہوئے کہا ہے کہ ملک کا کوئی سیاسی و سماجی رہنما یا ملا خواتین کا راستہ نہیں روک سکے گا۔
لاہور میں خواتین کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی جس کے دوران چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو خطاب کی دعوت دی گئی۔ شرکائے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے عورت مارچ کی بھرپور حمایت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کو الیکشن مہم کے دوران بھی بے جا تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ لوگوں کی رائے یہ تھی کہ ایک عورت کو وزیر اعظم نہیں بنانا چاہئے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ووٹ دینے سے نکاح ٹوٹنے کا فتویٰ دینے والے آج ایک عورت کو لیڈر بنا رہے ہیں۔ ہم کہتے ہیں کہ عورت چاہے تو وہ وزیر اعظم بن سکتی ہے۔ ہم عورت مارچ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان لوگوں کو پکڑیں جو خواتین کو دھمکیاں دیتے اور ان کے حقوق پامال کرتے ہیں۔ ایسے لوگوں سے یہی کہوں گا کہ آپ کا دور اب نہیں رہا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی دور میں خواتین کو مالی امداد دی گئی۔ ہمارے انقلابی منصوبے سے بے نظیر کا نام مٹایا گیا۔ عمران خان کی حکومت خواتین کے حقوق پر خاطرخواہ کام نہیں کرسکی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل عدالت نے عورت مارچ کے خلاف دائر درخواست پر ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آج بھی ہمارے ملک میں بچیوں کی پیدائش کو اچھا نہیں سمجھا جاتا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں عورت مارچ کے خلاف دائر درخواست کی سماعت ہوئی جس کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ عورتوں کے نعرے اسلام کے دئیے گئے حقوق کے حصول کے لیے ہیں۔
مزید پڑھیں: آج بھی بچیوں کی پیدائش کو اچھا نہیں سمجھا جاتا۔عدالت