اسلام آباد: وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ڈنمارک میں اپنے ہم منصب لارس راسموسن سے گفتگو کے دوران قرآنِ مجید کی توہین کے معاملے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا اپنے حالیہ بیان میں کہنا ہے کہ ڈنمارک کے وزیرِ خارجہ نے خود مجھ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس کے دوران میں نے ڈنمارک سمیت دیگر یورپی مالک میں قرآنِ پاک کی توہین کے واقعات پر تحفظات کا اظہار کیا۔
اگست میں کراچی کا موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے بتادیا
بیان میں وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ڈنمارک کے وزیرِ خارجہ نے قرآنِ پاک کی توہین سے متعلق گھناؤنے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ انہوں نے مسلم ممالک سے رابطہ کیا ہے جبکہ میں نے ڈنمارک کے ہم منصب سے گفتگو میں تحفظات کا اظہار کیا۔
وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں نے لارس راسموسن سے کہا کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔ ڈنمارک میں اسلامو فوبیا پر مبنی واقعات بند ہونے چاہئیں۔ ہم نے مذاہت کے مابین ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے فروغ پر بھی زور دیا۔
خیال رہے کہ ڈنمارک اور سویڈن سمیت دنیا کے مغربی ممالک میں قرآنِ پاک کی توہین سمیت دیگر گستاخانہ واقعات کے باعث دنیا بھر میں بسنے والے کروڑوں مسلمانوں کی دلآزاری ہوئی جس پر او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بھی منعقد ہوا تھا۔