کراچی: چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایک شخص کی واپسی کیلئے ملک میں جمہوریت اور الیکشن کو روکا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں سابق وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج کے پاکستان کیلئے ہمیں ایک نئی سوچ اور نئی سیاست کی ضرورت ہے۔ نئے دور میں شامل ہونے کیلئے نئی قیادت ضروری ہے۔
بیان میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیلیکشن کی سیاست نے ملک میں جمہوریت کا جنازہ نکال دیا ہے۔ اس تمام تر صورتحال میں قصور جس کا بھی ہو، اب ہمیں آگے بڑھنا ہوگا۔ الیکشن کرانے پڑیں گے۔
سابق وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک شخص کی واپسی کیلئے انتخابات روک دئیے گئے۔ الیکشن کمیشن فوری عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے۔ الیکشن میں بار بار تاخیر ووٹ کی عزت نہیں بلکہ بے عزتی ہے۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین کے عوام آج بھی اکیلے نہیں اور کل بھی اکیلے نہیں ہوں گے۔ جب تک پاکستان ہے، فلسطین کے عوام اکیلے نہیں ہوسکتے۔ فلسطین کے معاملے پر پورا پاکستان متحد ہے۔