کراچی:پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے انصاف ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہنشاہ کرپشن بلاول کہتے ہیں کہ وہ پی ٹی آئی کیخلاف تحریک چلائیں گے۔ بلاول پہلے لاڑکانہ میں ایڈز کیخلاف تحریک چلائیں۔
سندھ کے حکمران بتائیں کہ 8900 ارب سندھ کے کہاں گئے؟بلاول کو تحریک چلانی ہے تو اپنی پھپھو اور ان کے شوہر کیخلاف تحریک چلائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں 70فیصد پانی مضر صحت ہے، بلاول زرداری بہتر ہوتا اگر آر او پلانٹ کیلئے تحریک کا اعلان کرتے۔
انہوں نے کہا کہ 13 سال اقتدار میں رہنے کے باوجود ٹرانسپورٹ کا نظام بہتر نہیں ہوسکا۔ بلاول ڈاکو راج کیلئے تحریک کا اعلان کرتے تو خرم شیر زمان ساتھ کھڑا ہوتا۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی محمود مولوی، جنرل سیکریٹری پی ٹی آئی کراچی سعید آفریدی، پی ٹی آئی رہنما اظہر لغاری، سمیر میر شیخ موجود تھے۔
خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ پہلے لوگ کہتے تھے بینظیر آئے گی روزگار لائے گی، اب لوگ کہتے ہیں زرداری آئیگا سب لوٹ کر لے جائے گا۔ بلاول پہلے تحریک اپنی نالائق حکومت کیخلاف چلائیں۔ سندھ حکومت نے بھنگ اور چرس پینے والوں کو منسٹر بنایا ہے۔
پورے ایشیاء میں سندھ کا تعلیمی نظام سب سے زیادہ تباہ حال ہے۔ قیام پاکستان سے لیکر آج تک سندھ کے حالات بہتر نہیں ہوئے۔ سندھ میں عطائی ڈاکٹروں کی بھرمار ہے۔ صوبے سندھ کا ہر محکمہ بلاول کو ماہانہ دیتا ہے۔ عمران خان اپنے جلسوں میں سندھ سے لوگوں کو بھر بھر کر نہیں لاتا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسٹیل ملز کو پی پی نے تباہ کیا۔ بلاول کو کراچی کے لوگ آخرت میں بھی معاف نہیں کریں گے۔ سندھ کے کسانوں کیساتھ ناانصافی کی گئی، سندھ کے گنوں کا منافع اومنی کی شوگر ملز کو جارہا ہے۔
سندھ کے سرکاری اداروں سے لاکھوں کی گندم غائب کردی گئی، تحقیقات میں کہا گیا گندم چوہے کھاگئے۔ بلاول کی چاروں صوبوں کی زنجیر چکنا چور ہوگئی ہے۔ بلاول کے لوگ زرعی زمینوں کا پانی نہیں چھوڑتے۔ سندھ کا پانی پہلے بلاول اور پھر ان کے منسٹروں کے پاس جاتا ہے۔
بلاول سندھ میں پانی کی تقسیم پر یزید کا کردار ادا کررہے ہیں۔ محکمہ ریونیو اور ایس بی سے اے میں یونس سسٹم چل رہا ہے، یہ کام کے پی، پنجاب میں نہیں ہوتا، یہ سسٹم صرف کراچی میں چلتا ہے۔ کراچی نے پی پی کو ووٹ نہیں دیا تو بلاول لاڑکانہ دادو سہون کیلئے کچھ کرتے۔
مزید پڑھیں: 74 سال میں اتنی مہنگائی نہیں ہوئی،جتنی آج ہے، مریم نواز