کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ میں27دسمبر کو بینظیربھٹو شہید کی برسی راولپنڈی میں منائوں گا،اس لئے24دسمبر کو نیب کے سامنے پیش نہیں ہوسکتا، سیاسی نظریات پر کسی صورت کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
مجھے گرفتاری کا کوئی خوف نہیں ،اگر مجھے گرفتار کیاگیاتو زیادہ خطرناک ثابت ہوں گا۔انہوں نے پیش گوئی کی کہ اگلا سال الیکشن کاہے ،کٹھ پتلی سیاستدان آئندہ الیکشن میں فارغ ہوجائیں گے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کی شام بلاول ہائوس میڈیا سیل کی نئی عمارت میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما شیری رحمان، صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی، بیرسٹر مرتضی وہاب، سہیل انور سیال اور وقار مہدی بھی موجودتھے۔
انہوں نیب کی جانب سے منگل کے روز طلبی کے نوٹس پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت وقت اپوزیشن کو ہراساں کررہی ہے۔ سیاست ہرپاکستانی کاحق مگراس سے محروم کیاگیاہے۔
اپوزیشن کی میڈیا پر کردار کشی کی جاتی ہے،مثبت تعمیری تنقید کو بھی برداشت نہیں کیاجاتا ۔پیپلزپارٹی کے خلاف دوبارہ انتقامی کاروائیاں شروع ہورہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پورے ملک کوپتہ ہے کہ 27 دسمبر کو ہم پنڈی میں بینظیرکی برسی منائیں گے لیکن ایک بیٹے کو ایک بیٹے کو اپنی والدہ کی برسی منانے سے روک رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں آج تک پنڈی میں برسی کے موقع پر جلسے کا اجازت نامہ نہیں دیا گیا،ہماری سیاست میں رکاوٹ ڈالی جارہی ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ حکمراں اس سطح پر آگئے ہیں انہیں شرم آنی چاہیے۔
مزید پڑھیں: نیب کے نوٹسز آنا شروع ہوگئے ، ڈٹ کر مقابلہ کرینگے،بلاول بھٹو زرداری