اسلام آباد: وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بجٹ کا ملبہ مسلم لیگ (ن) پر ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ میں سیلاب متاثرین کیلئے مناسب فنڈز نہیں رکھے گئے۔
تفصیلات کے مطابق سوات میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی سیلاب متاثرین کیلئے فنڈز کے بغیر بجٹ کی حمایت میں ووٹ نہیں دے گی۔ ملک اس کا متحمل نہیں ہوسکتا کہ وزیر اعظم کچھ کہیں اور بجٹ میں کچھ اور لکھا جائے۔
جلسے سے خطاب کے دوران وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمیں وزیر اعظم شہباز شریف کی نیت پر شک نہیں، تاہم انہیں اپنی ٹیم سے حساب لینا ہوگا۔ ملک میں معاشی حالات سے ہر شہری پریشان ہے اور پیپلز پارٹی کا یہ ماننا ہے کہ ان سب مسائل کا حل پی پی پی منشور میں ہے۔
خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پوری معیشت کا فائدہ غریب کے فائدے سے مشروط ہے۔ پی پی پی کا مقابلہ بے روزگاری، غربت اور مہنگائی سے ہے، ہم کسی سیاسی جماعت کے مقابلے پر نہیں ہیں۔ کٹھ پتلیوں نے ایک رات جیل میں گزارنے پر جی ایچ کیو پر حملہ کروایا۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو نے کہا کہ جو کٹھ پتلی تھے، جو ایمپائر کی انگلی کے منتظر تھے، ان کے ساتھ کچھ نہیں ہوا، جبکہ ان کے ساتھ سخت ایکشن ہونا چاہئے تھا۔ وہ جو کپتان تھا روزگار چھین رہا تھا۔ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو پیغام دیتے ہیں، آپ کو معاف نہیں کیا جائے گا۔
وزیرِ خارجہ نے کہا کہ ہمارے جیالوں نے اپنے آپ کو جلایا، شہید ذوالفقار بھٹو پھانسی پر چڑھے، 1986ء میں بے نظیر کا تاریخی استقبال ہوا۔ میں نے 19سال کی عمر میں کہا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے۔ ہم اپنے بزرگوں کو دکھائیں گے کہ نوجوانوں کو موقع دیا جائے تو کام کرکے دکھائیں گے۔