کراچی : پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کابینہ کے بعض ارکان کی خراب کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے وزرا کو ناقص کارکردگی پر کھری کھری سنادیں، جیالے وزرا کو کارکردگی بہتر بنانے کیلئے ایک ماہ کی مہلت دیتے ہوئے سندھ کابینہ میں بڑی تبدیلیوں کا بھی اشارہ دیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے سندھ اسمبلی کا دورہ کیا اور سندھ کابینہ کے اراکین سے ملاقات کی اس موقع پروزرا،معاونین خصوصی اور مشیروں نے کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ تو بلاول بھٹو زرداری نے وزرا کی کارکردگی کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ بعض کابینہ ارکان کی ناقص کارکردگی ان کی سیاسی جدوجہد پر پانی پھیر رہی ہے،کابینہ ارکان اپنا قبلہ درست کرلیں، ایک ماہ میں تمام وزرا اپنی کارکردگی بہتر بنائیں ورنہ میرے پاس بہت سے آپشن موجود ہیں، اب زیادہ برداشت نہیں کروں گا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے وزرا کو ہدایت کی کہ وہ اپنے کاموں اور ذاتی تشہیر کی بجائے اپنی توجہ حلقوں اور محکموں پر مرکوز کریں، اجلاس کے دوران بلاول بھٹو نے بلدیات اور صحت کے محکموں کو بھی ہدف تنقید بنایا، اور کچھ وزرا کو نام سے مخاطب کر کے کارکردگی بہتر بنانے کی تاکید کی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ حکومت کی کارکردگی کو عوام کے سامنے اجاگر کیا جائے، پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کی بنیاد پر سندھ حکومت مزید اسکیمیں لائے۔انہوں نے کہا کہ ویسٹ ٹو انرجی پراجیکٹ کو جلد از جلد شروع کیا جائے۔
مزید پڑھیں : عوامی و سیاسی حلقوں کی تنقید پر سندھ حکومت کا وزرا کے قلمدانوں میں تبدیلی کا فیصلہ