کراچی میں سپر ہائی وے پر ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی آج سے تمام بیوپاریوں اور خریداروں کیلئے کھول دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں ٹرکوں کے ذریعے قربانی کے جانوروں کی مختلف علاقوں سے آمد کا سلسلہ تیز ہوگیا۔ مویشی منڈی میں متعدد شہروں سے مؒختلف رنگ و نسل کے قربانی کے جانور شہرِ قائد پہنچ گئے۔
ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں پنجاب اور سندھ کے شہروں شیخوپورہ، سرگودھا، رحیم یار خان، لاڑکانہ اور کراچی سے اب تک 200 سے زائد قربانی کے جانور مویشی منڈی لائے جاچکے ہیں جن کی خریدوفروخت شروع کردی گئی۔
انتظامیہ کی جانب سے جانوروں اور بیوپاریوں کو سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، چارہ، پانی اور 24 گھنٹے بجلی کی فراہمی کا مناسب انتظام کیا گیا ہے۔ ترجمان مویشی منڈی یاور رضا چاؤلہ کا کہنا ہے کہ شہری اور بیوپاری کورونا ایس او پیز کی پابندی کرتے ہوئے ماسک ضرور پہنیں۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل کراچی میں ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی سجانے کی خوب تیاریاں کی گئیں جس کیلئے قربانی کے جانوروں کا پہلا ٹرک شیخوپورہ سے شہرِ قائد پہنچ گیا ہے۔
آج سے 2 روز قبل 8 جون کے روز قربانی کے جانوروں کا پہلا ٹرک کراچی پہنچا۔ شیخوپورہ کا بیوپاری قربانی کے جانور لے کر مویشی منڈی آگیا جس نے مویشی منڈی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں: کراچی، ایشیاکی سب سے بڑی مویشی منڈی کیلئے قربانی کے جانوروں کاپہلاٹرک پہنچ گیا