عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کا ایگزیکٹو بورڈ 11 جنوری 2024 کو منعقدہ اجلاس میں پاکستان کے لیے اپنے قرض پروگرام کے تحت 70 کروڑ ڈالر کی دوسری قسط کی حتمی منظوری پر غور کرے گا۔
عالمی مالیاتی فنڈ کے بورڈ کی جانب سے پاکستان کے لیے قرضے کی منظوری کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی تاریخ سامنے آنے کے بعد کئی دنوں تک جاری رہنے والی چہ می گوئیوں اور افوہوں کا سلسلہ تھم جانے کا امکان ہے۔
پچھلے مہینے آئی ایم ایف نے کہا تھا کہ وہ پاکستان کے لیے تین ارب ڈالر کے قرض پروگرام کے پہلے جائزے کے طور پر عملے کی سطح کے معاہدے پر پہنچ گیا ہے جو ملک کے لئے ستر کروڑ ڈالر کے قرض کی فراہمی کے لئے پہلا قدم تھا۔
یہ فنڈز بیل آؤٹ کی دوسری قسط پر مشتمل ہوں گے جو آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری سے مشروط ہے۔ آئی ایم ایف کے اس حوالے سے جمعہ کو سامنے آنے والے بیان کے بعد تبصروں اور خدشات کا سلسلہ رک جانے کا امکان ہے۔
عالمی مالیاتی فنڈ نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان قرض پروگرام کے لئے بورڈ کا اجلاس 11 جنوری 2024 کو ہو گا۔