کراچی: ترجمانِ سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا سندھ کی مدد سے روکنے پر طنزیہ انداز میں شکریہ ادا کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ گورنر صاحب! ہم سندھ حکومت کو صوبے کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے سے روکنے پر آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
پیغام میں ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اب یہ واضح ہوگیا کہ پاکستان تحریکک، انصاف عوام کی فلاح و بہبود اور ریلیف مہیا کرنے پر یقین نہیں رکھتی جبکہ آرڈیننس کی منظوری سے قبل وزیرِ اعلیٰ سندھ نے وزیرِ اعظم کو لیٹر لکھا جس کا مثبت ردِ عمل نہیں ملا۔
ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے بھر کے عوام کی مدد کرنا چاہتی ہے جس کیلئے وزیرِ اعلیٰ سندھ نے وزیرِ اعظم عمران خان کو خط لکھا۔ انہوں نے وزیرِ اعظم کو لکھے گئے خط کا عکس بھی شیئر کیا۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے وزیرِ اعظم عمران خان کو لکھے گئے خط میں 8 تجاویز پیش کی ہیں جن پر عمل درآمد کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے ضروری قرار دیا گیا ہے جن میں سے سب سے پہلی تجویز پورے ملک میں مکمل لاک ڈاؤن کی ہے۔
وزیرِ اعظم کو لکھے گئے خط میں وزیرِ اعلیٰ نے تجویز دی کہ لاک ڈاؤن پورے ملک میں 4 ہفتے تک نافذ کیا جائے۔ ملک کے تمام داخلی راستوں کو بند کیا جائے۔ بیرونی راستوں سے غیر قانونی آمدورفت مکمل طور پر بند ہونی چاہئے جبکہ وفاقی حکومت کو چاہئے کہ طبی سازوسامان مہیا کرے۔
خط میں وزیرِ اعلیٰ سندھ نے تجویز دی کہ غریب عوام کی امداد کیلئے 12 کی بجائے 15 ہزار روپے ماہانہ رقم منظور کی جائے۔ بجلی کے بلوں پر 5000 اور گیس بلوں پر 2000 روپے تک کے بلز ایک ماہ تک معاف کیے جائیں۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے خط میں کہا کہ ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 50 فیصد کمی کی جائے جبکہ ملکی معیشت کو سہارا دینے کے لیے شرحِ سود کو یک ہندسی مقدار پر لایا جائے تاکہ کاروباری برادری کیلئے آسانیاں پیدا ہوسکیں۔
Thank u Governor Sb for stopping the Sindh Govt from providing relief to the people of Sindh. Its now clear that PTI doesnt believe in providing relief to the people. Before approving the Ordinance, CM Sindh had written to the PM seeking these reliefs for people across the board pic.twitter.com/LM28AcNl2L
— Murtaza Wahab Siddiqui (@murtazawahab1) May 7, 2020