ایڈیلیڈ: نیدر لینڈز کی جنوبی افریقہ کو اپ سیٹ شکست کے بعد پاکستان کے خلاف میچ کوارٹر فائنل کا درجہ اختیار کر گیا، بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج کا میچ جیتنے کی صورت میں بنگلہ دیش اور پاکستان دونوں ہی سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔ بنگلہ دیشی ٹیم کی قیادت کپتان شکیب الحسن کر رہے ہیں جبکہ قومی کرکٹ ٹیم بابر اعظم کی قیادت میں میچ کھیل رہی ہے۔
پاکستان کیلئے امید، نیدر لینڈز کی جنوبی افریقہ کواپ سیٹ شکست
دونوں ٹیمز کے کپتانوں، پاکستان کے بابر اعظم اور بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کے مابین ٹاس ہوا جو بنگلہ دیش نے جیت لیا اور پچ کی صورتحال دیکھتے ہوئے پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہم نے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔ میری اور رضوان کی گزشتہ 4 میچز میں پرفارمنس اچھی نہیں رہی۔
گفتگو کے دوران بابر اعظم نے کہا کہ آج میری اور رضوان کی پوری کوشش ہوگی کہ اچھا پرفارم کریں۔ ہم نے گزشتہ میچ بہت اچھا کھیلا۔ جیت سے اعتماد حاصل ہوتا ہے۔
کپتان بابر اعظم نے کہا کہ پاکستان جیت کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کرے گا۔ بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن کا کہنا تھا کہ ہم نے ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی ہیں۔عبادت، ناسم احمد اور سومیا سرکار آج کا میچ کھیلیں گے۔