تل ابیب جمعرات کی صبح اسرائیل کے مختلف علاقوں میں بیلسٹک میزائلوں کی بارش سے خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کم از کم 65 افراد زخمی ہو چکے ہیں جن میں 3 کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
اسرائیلی ریسکیو اداروں نے تصدیق کی ہے کہ تل ابیب کے گِش دان ریجن، صحرائے نقب، اور دیگر دو مقامات سمیت چار علاقوں میں مجموعی طور پر چھ میزائل آ کر گرے۔ سب سے شدید نقصان صحرائے نقب میں ہوا جہاں ایک میزائل نے عمارت کو براہ راست نشانہ بنایا۔
جنوبی شہر بیر السبع میں واقع ساروکا میڈیکل سینٹر بھی حملے کی زد میں آیا جہاں میزائل گرنے سے بڑے پیمانے پر تباہی کی اطلاع ملی ہے۔
اسرائیلی میڈیا نے حملے کو حالیہ کشیدگی کے دوران سب سے بڑا اور شدید حملہ قرار دیتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ایران کی طرف سے یہ حملہ ممکنہ طور پر جوابی کارروائی کا حصہ ہو سکتا ہے۔
صورتحال کے پیش نظر متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ فضائی دفاعی نظام کو بھی مزید فعال کر دیا گیا ہے۔