رام اللہ:فلسطینی اتھارٹی نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے قیام کے اعلان پر بحرین کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ بحرین نے اسرائیل کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم کرکے القدس، فلسطینی قوم اور مسجد اقصی کے ساتھ غداری کاارتکاب کیا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فلسطینی ایوان صدر کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ہم بحرین کے اسرائیل کے ساتھ نام نہاد امن معاہدے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مسترد کرتے ہیں۔
فلسطینی قوم کو امریکا، اسرائیل اور امارات کے درمیان نام نہاد امن معاہدہ قبول نہیں۔بیان میں امارات کے اسرائیل سے دوستی کے اعلان کو قضیہ فلسطین، الاقصی اور القدس کے ساتھ خیانت قرار دیتے ہوئے فیصلہ واپاس لینے پر زور دیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ امارات کے بعد بحرین کا اسرائیل سے تعلقات کے قیام کا اعلان عرب امن فارمولے، عرب لیگ، اسلامی تعاون تنظیم، عالمی قراردادوں اور بین الاقوامی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ فلسطینی قوم کے نام پر کوئی دوسرا ملک فلسطینی قوم کے حقوق پر سودے بازی نہیں کرسکتا۔