ملتان: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ہم انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوسرے میچ میں اچھا اختتام نہیں دے سکے، اس لیے ہاتھ میں آئے میچ میں شکست ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں 4 روزہ میچ کے انگلینڈ کی جیت پر اختتام کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ سعود شکیل کی وکٹ گنوانا ہمیں مہنگا پڑ گیا۔
پاکستان کو 26رنز سے شکست، انگلینڈ نے کرکٹ سیریز جیت لی
پریس کانفرنس کے دوران بابر اعظم نے کہا کہ ہمیں محسوس ہوا کہ بال زمین کے ساتھ ٹچ ہوئی ہے لیکن امپائر کا فیصلہ تسلیم کرنا پڑتا ہے۔ کرکٹ میں امپائر کا فیصلہ ہی حتمی ہوتا ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ پہلی اننگز میں اچھی بیٹنگ نہیں ہوسکی، کچھ کھلاڑی وکٹ دے بیٹھے تاہم دوسری اننگز میں بولنگ میں اچھی فائٹ ہوئی تاہم بدقسمتی سے اچھی طرح میچ کا اختتام نہیں ہوا۔
کپتان بابر اعظم نے کہا کہ دوسری اننگز میں بیٹرز نے بھی انگلینڈ کا مقابلہ کیا، امام اور سعود شکیل اور پھر سعود اور نواز کے مابین اچھی شراکت داری قائم ہوئی، ٹیل اینڈرز بھی اچھا مقابلہ کر رہے تھے، تاہم اختتام اچھا نہیں رہا۔
بابر اعظم نے کہا کہ ابرار احمد کا انگلینڈ کے خلاف سیریز میں آغاز شاندار ہے۔ انہوں نے کنڈیشنز سے خوب فائدہ اٹھایا اور بہت اچھی بولنگ کی۔ یہ ٹیسٹ ابرار احمد کیلئے یادگار ہوگا۔ کوشش ہوگی کہ آئندہ اس ٹیسٹ میں کی گئی غلطیوں کو نہ دہرائیں۔