کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ٹیسٹ میں ایک غلطی سے میچ تبدیل ہوجاتا ہے، مجھے یقین ہے کہ ہم کم بیک کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان نے کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف 2 میچز کی سیریز کا پہلا میچ کھیلنے کیلئے سلیکٹرز سے بات چیت ہوگئی۔ کراچی کیلئے فائنل الیون کا دیکھ کر انتخاب کریں گے۔
ٹرافی کی رونمائی، پاک نیوزی لینڈ ٹیسٹ سیریز کل سے شروع
پریس کانفرنس کے دوران بابر اعظم نے کہا کہ ٹیسٹ میچ میں ایک غلطی سے میچ بدل جاتا ہے، تسلیم کرتا ہوں کہ قومی ٹیم کی کرکٹ اچھی نہیں تھی۔ ہم نے انگلینڈ کے خلاف 11 بہترین کھلاڑی کھیلنے کیلئے بھیجے۔ تنقید کی وجہ ہماری شکست ہے، پریشر لینے سے گیم اور خراب ہوگی۔
کپتان بابر اعظم نے کہا کہ مجھ سے نئے کھلاڑیوں کی شمولیت پر بات چیت ہوئی۔ سلیکٹرز کے ساتھ بھی بات ہوئی۔ نیوزی لینڈ کے خلاف فائنل ٹیم میں ان کا مشورہ شامل ہوگا۔ ٹیم کیلئے وہی کریں گے جو بہتر ہو۔ میدان کی حکمتِ عملی نیوزی لینڈ کی پوزیشن پر منحصر ہے۔
بابر اعظم نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی بیٹنگ مضبوط ہے جو ہماری طاقت بنے گی۔ وکٹ ٹیم کے حق میں ہے تاہم کارکردگی دکھانا ہمارا کام ہے۔ نیشنل بینک ارینا کی پچ کافی اچھی اور آسٹریلیا جیسی لگ رہی ہے۔ ہماری نظریں نیوزی لینڈ سیریز جیتنے پر لگی ہیں۔