کوئنز ٹاؤن:پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی تصدیق پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیریز میں شامل 2 ٹیسٹ میچوں میں قومی ٹیم کی قیادت کرنے کا منتظر ہوں۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ نے اس حوالے سے کہا کہ پہلا موقع ہوگا کہ جب اپنے ہوم گراؤنڈ میں کرکٹ کے سب سے اہم فارمیٹ میں پاکستان کی کپتانی کرنے کا اعزاز حاصل کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ خوشی ہے کہ آئندہ سال پاکستان کو مضبوط ٹیموں کے خلاف متواتر کرکٹ کھیلنی ہے، جو عالمی رینکنگ بہتر کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم آئندہ سال جنوری میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ مہمان ٹیم کا یہ 14 سال بعد پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز اور 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کراچی،لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم ان دنوں دورہ نیوزی لینڈ پر ہے۔