جامعہ ازہر مصر نے عرب اور اسلامی ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی جارحیت کے مقابلے میں فلسطینیوں کی مدد کیلئے اٹھ کھڑے ہوں۔
جامعہ الازہر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عرب اور اسلامی حکومتیں اہل غزہ کی مدد و نصرت کے لیے تمام ممکنہ ذرائع بروئے کار لائیں۔ بیان میں اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ کرنے والے اہل غزہ کو ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ یہ لوگ ایمانی طاقت سے اسرائیل کے جنگی جہازوں اور تباہ کن میزائلوں کا مقابلہ کر رہے ہیں۔
اسرائیل ناجائز ریاست، اس کی تباہی کیلئے دعا گو ہوں، امریکی یہودی رہنما
الازہر نے اپنے بیان میں اسرائیلی قابض فوج کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس مجرم فوج نے اخلاقیات اور انسانیت کی تمام حدیں پامال کر دی ہیں اور اسپتالوں پر بمباری سے لیکر مساجد، گرجا گھروں کو تباہ کرنے اور بچوں، خواتین، صحافیوں اور معصوم شہریوں کو قتل کرنے سمیت بدترین وحشیانہ جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔
الازہر نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کو اہل فلسطین کے حق میں جرات مندانہ موقف اختیار کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔
قبل ازیں الازہر نے اپنے بیانات میں عرب اور اسلامی ملکوں سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ مغرب پر انحصار پر نظر ثانی کریں، جس نے مغرب کو مغرور بنا دیا ہے۔