اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ بغاوت پر مبنی بیان کے الزام میں گرفتار شہباز گِل سے میرے خلاف بیان لینے کی کوشش کی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سابق معاونِ خصوصی و پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل کو ایسا بیان نہیں دینا چاہئے تھا۔ بیان دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے وہ فوج کو اُکسا رہے ہوں۔
عمران خان 19 اگست کو کراچی میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ ہم پاک فوج کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف، نائب صدر ن لیگ مریم نواز اور پی ڈی ایم کے سربراہ فضل الرحمان کے بیانات کا بھی جائزہ لیا جائے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ کے چیف آف اسٹاف کی حیثیت سے فرائض نبھا رہے تھے۔ عمران خان نے کہا کہ شہباز گِل پر ذہنی تشدد کیا گیا۔ میرے خلاف بیان لینے کی کوشش کی جارہی ہے۔
پولیس پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل سے تفتیش کیلئے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرے گی۔ سیشن کورٹ میں شہباز گِل کی ضمانت کیلئے دی گئی درخواست پر سماعت آج ہوگی جبکہ اسلام آباد پولیس کیس کا ریکارڈ پیش نہیں کرسکی۔