اسلام آباد: بین الاقوامی ماہرِ معاشیات عاطف میاں کا کہنا ہے کہ پاکستان کا نظامِ حکومت بے لگام ہوچکا، جبکہ ملکی معیشت بحران سے تباہی کی جانب گامزن ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں عاطف میاں نے کہا کہ پاکستانی معیشت تباہی کی جانب جارہی ہے، نظام بے قابو ہورہا ہے جبکہ ملکی ترقی کی رفتار میں تیزی سے کمی آرہی ہے۔
عالمی بینک کی پاکستان میں مہنگائی 29.5 فیصد بڑھنے کی پیشگوئی
بیان میں عاطف میاں نے کہا کہ مہنگائی اور اشیاء کی قیمتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔ مسلسل کرنسی چھاپنا ہی افراطِ زر اور بڑے خسارے کا باعث ہے۔ معاشی پیداواری صلاحیت بری طرح متاثر ہوئی۔
ماہرِ معیشت عاطف میاں نے کہا کہ بے وقوفانہ پالیسیوں کے باعث پیداواری صلاحیت محدود ہوئی۔ حالیہ اعدادوشمار جنوری میں دئیے گئے بیان کو درست ثابت کرتی ہیں۔
عاطف میاں نے کہا کہ ملک کے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے سے پتہ چلتا ہے کہ پاکستان کو 10 ارب ڈالر کے غیر ملکی سرمائے کی کمی کا سامنا ہے۔ درآمدات کم کرکے خسارہ کم ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 2 سالوں میں پاکستان میں سیاست اور عسکری قیادت کی آپس کی لڑائی انتشار میں تبدیل ہوتے دیکھی۔ اقتدار پر قبضے کیلئے جھڑپیں ملک کو تباہی تک پہنچانے کا باعث بنیں۔